03 دسمبر ، 2023
امریکا: ٹیکساس میں ڈاکٹرعافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکی جیل میں قید اپنی بہن سے ملاقات کیلئے جیل کے باہر موجود ہیں تاہم امریکی جیل حکام کی ٹال مٹول کے باعث ان کی اپنی بہن سے ملاقات نہیں ہو پائی۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ 4 گھنٹے سے امریکی جیل کے باہر موجود ہوں لیکن جیل حکام بہن سے ملاقات کروانے میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عدالتی حکم اور امریکی حکام کی منظوری کے بعد بہن سے ملنے امریکا آئی ہوں لیکن جیل حکام کہتے ہیں کہ ملاقات کے کمرے کی چابی کھو گئی ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکا کی ہائی سکیورٹی جیل میں قید ہیں، تاہم جیل حکام کی جانب سے بہانا بنایا جا رہا ہے، اس سے بھونڈا بہانا نہیں ہو سکتا کہ ہائی سکیورٹی جیل کے سیل کی چابی کھو جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جیل حکام سے درخواست کی تھی کہ مجھے اپنی بہن سے صرف گلے ملنے دیا جائے تاہم حکام نے انکار کردیا تھا اور شیشے کے پیچھے سے ملاقات کروانے کا کہا گیا۔
ڈاکٹر فوزیہ کا کہنا تھا کہ اب امریکی جیل حکام کی جانب سے شیشے کے پیچھے سے بھی ملاقات کرانے سے انکار کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی جیل میں قید بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے سینیٹر طلحہ محمود کے ساتھ امریکا میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق فوزیہ صدیقی نے بہن سے ملاقات کیلئے واشنگٹن میں حکام سے باضابطہ اجازت لے رکھی تھی تاہم امریکی حکام نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو قیدی بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق امریکی جیل حکام نے فوزیہ صدیقی کو بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات کرانے سے انکار کیا۔