03 دسمبر ، 2023
وفاقی وزارت خزانہ نے مہنگائی اور برآمدات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
وزارت خزانہ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے اور دسمبر میں مہنگائی کی شرح 25.5 سے 26.5 فیصد تک رہ سکتی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اثر ہفتہ وار مہنگائی پر آچکا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کم ہو رہی ہے.
وزارت خزانہ کے مطابق مقامی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے، ملکی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ توانائی سیکٹر میں پیداواری لاگت اور سرکاری اداروں کے نقصانات کو کم کیا جا رہا ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایاکہ جولائی سے اکتوبر تک ترسیلات زر میں 13.3 فیصد کمی ہوئی ہے، جولائی سے اکتوبر تک برآمدات میں 1.1 فیصد اضافہ ہوا ہے، اسی عرصے میں ملکی درآمدات میں 20.1 فیصد کمی ہوئی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 27.9 فیصد اور 4ماہ میں نان ٹیکس آمدن میں 114.7 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ چار ماہ میں بجٹ خسارہ 17.6 فیصد بڑھا ہے۔