03 دسمبر ، 2023
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں اکثریت پیپلزپارٹی کی ہو یا ن لیگ کی پاکستان کے صدر مولانا فضل الرحمان بنیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ کا کہنا تھاکہ جب 10 جماعتوں پر مشتمل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بنی تو صدارت مولانا فضل الرحمان کو دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں اکثریت پیپلزپارٹی کی ہو یا ن لیگ کی پاکستان کے صدر مولانا فضل الرحمان بنیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے صدربن سکتے ہیں تو صدرمملکت بھی بن سکتے ہیں۔
پی پی اور ن لیگ سے متعلق حافظ حمد اللہ کا کہنا تھاکہ باپ اوربیٹے، باپ اوربیٹی کی بلوچستان پرنظر ہے دیکھتے ہیں اس کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا اصل مسئلہ پی ٹی آئی کے ایجنڈے سے تھا، ہمارا پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد نہیں ہوسکتا، کیا پی ٹی آئی میں گوہرخان کے علاوہ کوئی اوردیرینہ کارکن نہیں تھا؟ ابھی سندھ میں ہم جی ڈی اے کےساتھ ہیں پی ٹی آئی اس کا حصہ نہیں۔