Geo News
Geo News

Time 04 دسمبر ، 2023
پاکستان

نیب کے بارے میں سست روی کا تاثر کسی حد تک صحیح ہے: چیئرمین نیب

نیب کو خوف اور ہراسگی کا تاثر دور کرنا چاہیے، ہمیں چور کوپکڑنا ہے پورے محلے کو تنگ نہیں کرنا: لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد۔ فوٹو فائل
 نیب کو خوف اور ہراسگی کا تاثر دور کرنا چاہیے، ہمیں چور کوپکڑنا ہے پورے محلے کو تنگ نہیں کرنا: لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد۔ فوٹو فائل

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کا کہنا ہے نیب کے بارے میں سست روی کا تاثر کسی حد تک صحیح ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نذیر احمد کا کہنا تھا ہر 10 میں سے 7 لوگ کسی نہ کسی ہاؤسنگ اسکیم کے فراڈ کا شکار ہیں، نیب کی کوشش یہی ہے کہ لوگوں سےکوئی زیادتی نہ ہو، عوام کو لوٹنے والے فصلی بٹیروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا عوام میں منظم آگاہی مہم شروع کرنے کا مقصد بھی یہی ہے، آگاہی مہم کا حصہ بننے والے نوجوان نیب کے ایمبیسیڈر بنیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کا کہنا تھا نیب کے بارے میں سست روی کا تاثر کسی حد تک صحیح ہے، نیب کو خوف اور ہراسگی کا تاثر دور کرنا چاہیے، ہمیں چور کوپکڑنا ہے پورے محلے کو تنگ نہیں کرنا۔

انہوں نے کہا کہ فراڈ کا لفظ ہٹا کر متاثرہ کیا ہے، کوشش کر رہے ہیں ملزم کو ملزم کہنے کے بجائے رسپانڈنٹ کہا جائے، نیب آپ کا محافظ اور معاون ہے، ہم نیب کو پروفیشنل ادارہ بنائیں گے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کوئی فرد واحد یا ادارہ ملک کو کرپشن سے آزاد نہیں کرا سکتا،  ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔