Time 04 دسمبر ، 2023
دنیا

بھارت: چنئی میں طوفان کے باعث شدید بارشیں، سڑکوں کے ساتھ ائیرپورٹ بھی تالاب بن گیا

چنئی شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جب کہ نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے: بھارتی میڈیا/ اسکرین گریب
چنئی شہر کے بیشتر علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جب کہ نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے: بھارتی میڈیا/ اسکرین گریب

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں طوفان میچونگ  کے باعث طوفانی بارشیں جاری ہیں جس سے چنئی شہر بری طرح متاثر ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان میچونگ آندھرا کے ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے تاہم طوفان سے ریاست تامل ناڈو اور پوڈوچیری میں شدید بارشیں جاری ہیں جب کہ ریاست تامل ناڈو کے شمالی ساحل پر ہونے والی بارشوں سے چنئی شہر اور دیگر اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ چنئی شہر کے بیشترعلاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جب کہ نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور بعض علاقوں میں سیلابی ریلا گاڑیوں کو بھی بہالے گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چنئی کے پڑوسی اضلاع میں رات گئے شدید بارشیں ہوئیں اور اس دوران بعض مقامات پر 196 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق چنئی شہر میں ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے اسکول، کالجز اور سرکاری دفاتر میں آج چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ ریاستی حکومت نے نجی اداروں پر زور دیا ہےکہ اس صورتحال میں وہ ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایات جاری کریں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ چنئی میں شدید بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات میں اب تک 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، مقامی حکام نے ساحلی اضلاع میں 5 ہزار ریلیف سینٹرز قائم کردیے ہیں۔

شہر میں طوفانی بارش کی وجہ سے چنئی ائیرپورٹ بھی زیر آب آگیا جہاں رن وے تالاب کا منظر پیش کررہا ہے، ائیرپورٹ انتظامیہ نے بدترین صورتحال کے سبب 12 ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازوں کو بھی منسوخ کردیا۔

مزید خبریں :