Time 04 دسمبر ، 2023
پاکستان

الیکشن کمیشن نے پُرامن اورشفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے پاک فوج سے مدد مانگ لی

پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اسٹیٹک تعیناتی کے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ لکھا ہے— فوٹو:فائل
پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اسٹیٹک تعیناتی کے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ لکھا ہے— فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے دوران پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی پولنگ اسٹیشنز پر تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کر دیا۔

عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اسٹیٹک تعیناتی کے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی کو مراسلہ لکھا ہے۔

مراسلے میں کہا کہ پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی بطور اسٹیٹک اور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، 7 دسمبر سے پہلے الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے کنفرمیشن دی جائے۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں اس وقت 9 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، ساڑھے 4 ہزار اہلکاروں کی کمی ہے، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 1500، رینجرز کے 1500 اہلکاراور آزاد کشمیر پولیس کے 1500اہلکاروں کی ضرورت ہے۔

مراسلے کے مطابق پنجاب میں 2 لاکھ 77 ہزار 610 اہلکاروں کی ضرورت ہے، ایک لاکھ 8ہزار 500 پولیس اہلکار دستیاب ہیں، پنجاب میں ایک لاکھ 69ہزار110 اہلکاروں کی کمی ہے،  خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 49 ہزار 77 اہلکاروں کی ضرورت ہے، پختونخوا کے پاس اس وقت 92 ہزار 360 اہلکار موجود ہیں،  56ہزار 717 اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں اس وقت ایک لاکھ 23ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، ایک لاکھ 5 ہزار پولیس اہلکار موجو دہیں، سندھ میں اس وقت 33ہزار 462 اہلکاروں کی کمی ہے جبکہ بلوچستان میں اس وقت 31 ہزار 919 اہلکاروں کی ضرورت ہے، 18 ہزار 150 اہلکار دستیاب ہیں اور اس وقت 13 ہزار 769 اہلکاروں کی ضرورت ہے۔

الیکشن میں ملک بھر میں 5 لاکھ 91 ہزار 106 اہلکاروں کی ضرورت ہے، 3 لاکھ 28 ہزار 510 اہلکار دستیاب ہیں، ملک میں اس وقت 2 لاکھ 77 ہزار 558 اہلکاروں کی کمی ہے۔

مراسلے کے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق کمی کوفوج اورسول آرمڈ فورسزسے پورا کیاجائے، فوج اور سول آرمڈ فورسز کو پولنگ اسٹیشن پر اسٹیٹک موڈ تعیناتی کیلئے ریکوزیشن کیا جائے، ملک میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر ایسا کیاجائے۔

مزید خبریں :