07 دسمبر ، 2023
کینبرا میں پاکستان اور آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ میں گرین کیپس نے اپنی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز پر ڈیکلیئر کی جس کے بعد میزبان ٹیم نے 2 وکٹوں پر 149 رنز بنالیے۔
پاکستان کے 391 رنز کے جواب میں پرائم منسٹر الیون کے اوپنر مارکس ہیرس اور کیمرون بینکرافٹ نے ٹیم کو 96 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ہیرس 49 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ بینکرافٹ 53 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون نے 2 وکٹوں پر 149 رنز بنالیے ہیں۔ کیمرون گرین 19 اور میٹ رینشو 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کے پہلے ٹور میچ میں کپتان شان مسعود نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی، 201 رنز پر وہ ناٹ آؤٹ رہے۔
کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام الحق 9 رنز بنا کر بکنگھم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
عبداللہ شفیق بھی 38 رنز بنا کر اسٹیکیٹی کا شکار بنے جبکہ بابر اعظم بھی 40 رنز بنا کر بکنھگم کا شکار بنے۔
چائے کے وقفے کے بعد سعود شکیل بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے اور انہوں نے 13 رنز کی اننگز کھیلی لیکن شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔ سرفراز احمد نے 41 رنز اسکور کیے جبکہ فہیم اشرف کھیل کے آخری اوور میں 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ عامر جمال 5، میر حمزہ 8 اور خرم شہزاد 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔