جرائم
Time 07 دسمبر ، 2023

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا ناسور ایک اور نوجوان کی زندگی نگل گیا

کراچی  میں  جوہر چورنگی کے قریب  ڈکیتی مزاحمت  پر  ڈاکوؤں کی  فائرنگ  سے  ایک  نوجوان  جاں بحق  اور  دوسرا بھائی زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کار سوار  نوجوانوں نے ڈکیتی سے بچنے کے لیے گاڑی بھگائی تو ملزمان نےگولیاں چلادیں۔

گولی لگنے سے 25 سالہ مرتضیٰ زخمی ہوگیا، اس کے بھائی نےگاڑی اسپتال کی طرف لے جانی چاہی تاہم تیز  رفتاری کے باعث گاڑی بے قابو  ہوکر  الٹ گئی۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

شہریوں نے دونوں زخمی بھائیوں کو اسپتال منتقل کیا تاہم اس دوران مرتضیٰ جان کی بازی ہار گیا، مرتضیٰ کو کمر میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  زخمی کا بیان قلم بند کرکے واقعےکا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے ، ملزمان کے گرفتاری کے لیے واردات کی جگہ کے قریبی راستوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج جمع کی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں  رواں سال اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اب تک 125 افراد  جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :