Time 08 دسمبر ، 2023
کاروبار

940 ارب کا بجٹ: مالی سال کے 5 ماہ میں ترقیاتی منصوبوں پر صرف 117 ارب کے اخراجات

رواں مالی سال اب تک پی ایس ڈی پی کے تحت مختص 940 ارب روپے میں سے مختلف وزارتوں اور محکموں کے لیے فنڈز کا اجرا بہت سست ہے: رپورٹ/ فائل فوٹو
رواں مالی سال اب تک پی ایس ڈی پی کے تحت مختص 940 ارب روپے میں سے مختلف وزارتوں اور محکموں کے لیے فنڈز کا اجرا بہت سست ہے: رپورٹ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے 5 مہینوں میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر 940 ارب روپے میں سے صرف 117 ارب 24کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

وزارت منصوبہ بندی نے جولائی سے نومبر تک پی ایس ڈی پی منصوبوں پر خرچ ہونے والے فنڈز کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق رواں مالی سال اب تک پی ایس ڈی پی کے تحت مختص 940 ارب روپے میں سے مختلف وزارتوں اور محکموں کے لیے فنڈز کا اجرا بہت سست ہے۔

وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر تک 5 ماہ کے دوران وزارت منصوبہ بندی نے 302 ارب روپے سے زیادہ کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی جس میں سے 117 ارب 24 کروڑ روپےخرچ ہو ئے۔

وفاقی وزارتوں اور ڈویژنزکے ترقیاتی منصوبوں پر 101 ارب 68 کروڑ روپےخرچ کیے گئے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں پر 13 ارب، وزارت آبی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں پر 16 ارب 12 کروڑ اور ارکان اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں پر 29 ارب 42 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے۔ 

 ریلوے ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر 11 ارب 44 کروڑ روپے،  ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں پر 5 ارب 96 کروڑ اور وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں پر 3 ارب 70 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے۔

مزید خبریں :