پاکستان

آئندہ عدالتی ہفتے میں ملٹری کورٹس فیصلے کیخلاف اپیل سمیت اہم کیسز کی سماعت ہوگی

جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف درخواستیں دائر کررکھی ہیں— فوٹو:فائل
جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف درخواستیں دائر کررکھی ہیں— فوٹو:فائل

سپریم کورٹ میں آئندہ عدالتی ہفتے میں فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل سمیت اہم کیسز سماعت کیلئے مقرر کردیے گئے۔

سپریم کورٹ میں جسٹس مظاہر علی نقوی کی درخواستوں پر سماعت 15 دسمبر کو ہوگی۔ 

جسٹس مظاہر نقوی کی درخواستوں کی سماعت 3 رکنی بینچ کرے گا اور 3 رکنی بینچ کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کریں گے۔

ذرائع نے بتایاکہ تین رکنی بینچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔ جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔

دوسری جانب سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف فیصلے پر انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت بھی 13 دسمبر کو ہوگی۔ فوجی عدالتوں سے متعلق انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت 9 رکنی لارجر بینچ کرے گا۔

انٹراکورٹ اپیلیں وفاقی حکومت اور وزارت دفاع کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ پاکستان سے غیر ملکیوں کی بےدخلی سے متعلق آئینی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 13 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔

 ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کے بینچ ون کی عدالتی کارروائی ریکارڈ کرکے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کی 3 رکنی کمیٹی کی میٹنگ میں اہم فیصلے کر لیے گئے۔

تین رکنی کمیٹی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجازالاحسن شامل ہیں۔

مزید خبریں :