Election 2024 Election 2024

کھیل
Time 10 دسمبر ، 2023

آسٹریلوی بولرز نے ٹیسٹ سیریز میں بابر اعظم کو مشکل ہدف قرار دیدیا

آسٹریلوی بولرز  نے بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بیٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں بابر اعظم ہمارے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے خلاف 4 روزہ میچ کھیلنے کے بعد پرتھ پہنچ چکی ہے جہاں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہو گا۔

سیریز سے قبل پاکستانی بیٹر بابر اعظم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں اور ان کی کوئی خاص کمزوریاں بھی نہیں ہیں۔

پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی تکنیک بہت مضبوط ہے، بابر گراؤنڈ میں کہیں بھی اسکور بنا سکتے ہیں، بابر اس سیریز میں بابر ہمارے لیے مشکل ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم اس وقت دنیا کے بہترین بیٹرز کی لسٹ میں شامل ہیں جنہیں آؤٹ کرنے کے بعد ہمیشہ آپ مطمئن ہوتے ہیں۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے کہا کہ بابر اعظم ایک کلاس کے کھلاڑی ہیں جنہوں نے پہلے ون ڈے کرکٹ میں اپنا لوہا منوایا اور  پھر ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنے کھیل کو مضبوط کیا۔

ان کا کہنا تھا بابر ایک کوالٹی پلیئر ہیں، اگر اپ نے بابر کو آؤٹ نہیں کیا تو وہ آپ کو نقصان پہنچائیں گے، بطور بو لر بابر اعظم آپ پر پریشر  واپس ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

کینگروز اسپنر ناتھن لیون نے کہا کہ بابر اعظم بہت ہی با صلاحیت کھلاڑی ہیں، جب بابر بیٹنگ کرتے ہیں تو اپنے ہاتھوں کا خوبصورت استعمال کرتے ہیں، آپ ہمیشہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں اور  بابر دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

فاسٹ بولر مچل اسٹارک کا کہنا ہے بابر اعظم کی بیٹنگ کا مزاج بہت کمال کا ہے، بابر کے پاس ہر قسم کے شاٹس ہیں، وہ ایسے کھلاڑی ہیں جو اننگز کو بنا سکتے ہیں اور وقت پر جارحانہ بھی کھیل سکتے ہیں، بابر کسی بھی وقت گیم کا مومینٹم بدل کر جیت سکتے ہیں، وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے لیکن امید ہے کہ بابر کو اس بار رنز نہیں بنانے دیں گے۔

مزید خبریں :