Geo News
Geo News

Time 16 دسمبر ، 2023
پاکستان

ینگ ڈاکٹرز نے پنجاب بھر کے اسپتالوں میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا

ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے صوبے بھر میں فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان انتہائی خوش آئند اور قابل ستائش ہے: نگران وزیر صحت/ فائل فوٹو
ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے صوبے بھر میں فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان انتہائی خوش آئند اور قابل ستائش ہے: نگران وزیر صحت/ فائل فوٹو

لاہور: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں غیر مشروط طور پر تین ہفتوں سے جاری ہڑتال کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی قیادت نے جنرل اسپتال میں رات گئے بیٹھک میں کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں ہڑتال فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر اجلاس کی صدارت صوبائی وزرا صحت و تعلیم پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور منصور قادر نے کی۔ 

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے صوبے بھر میں فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان انتہائی خوش آئند اور قابل ستائش ہے جب کہ منصور قادر نے کہا کہ ڈاکٹرز نے غیر مشروط طور پر ہڑتال کے خاتمے کا اعلان کرکے حکومت کو اچھا تاثر دیا ہے۔