بھارتی ڈرامہ 'سی آئی ڈی' کی اداکارہ پر گھر والوں کا تشدد، ماں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا

ویشنوی دھنراج کے اہلخانہ نے اُنہیں گھر میں یرغمال بناکر رکھا ہوا تھا__فوٹو: اسکرین گریب
ویشنوی دھنراج کے اہلخانہ نے اُنہیں گھر میں یرغمال بناکر رکھا ہوا تھا__فوٹو: اسکرین گریب

بھارت کا مقبول ترین کرائم ڈرامہ سی آئی ڈی کی اداکارہ ویشنوی دھنراج نے اپنے گھر والوں پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی والدہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا۔

ویشنوی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے اوپر ہونے والے تشدد کے بارے میں بتا رہی ہیں اور ساتھ ہی اپنے زخم بھی دکھا رہی ہیں۔ 

ویشنوی نے اپنی ویڈیو میں مداحوں سے کہا کہ وہ اس وقت پولیس اسٹیشن میں موجود ہیں، میری فیملی نے مجھ پر بدترین تشدد کیا، میرا چہرہ اور ہاتھ زخمی ہیں۔

انہوں نے ویڈیو میں مداحوں سے مزید کہا کہ میرے گھر والوں نے مجھ پر تشدد کیا اور مجھے برا بھلا کہا، مجھے آپ لوگوں کی ضرورت ہے، میری مدد کیجیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویشنوی کی درخواست پر ان کی والدہ اور بھائی کے خلاف نان کاگنیسیبل کیس رجسٹرڈ کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نان کاگنیسیبل کیس میں پولیس عدالتی حکم کے بغیر نہ تفتیش کر سکتی ہے اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  ویشنوی دھنراج کے اہلخانہ نے اُنہیں گھر میں یرغمال بناکر رکھا ہوا تھا، ان کی والدہ اور بھائی نے اُن کا موبائل فون بھی اپنے قبضے میں لے لیا تھا، اداکارہ کو گھر سے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں تھی۔

ویشنوی دھنراج نے اداکاری کا آغاز  2008 میں مقبول بھارتی ڈرامہ 'کسوٹی زندگی کی' میں مختصر کردار سے کیا تھا۔

مزید خبریں :