Geo News
Geo News

Time 18 دسمبر ، 2023
پاکستان

فیصل آباد میں بسوں کے کرایوں میں کمی کردی گئی

ٹرانسپورٹرز کو نئے کرائے نامے نمایاں جگہوں اور گاڑیوں پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے: اعلامیہ—فوٹو: فائل
ٹرانسپورٹرز کو نئے کرائے نامے نمایاں جگہوں اور گاڑیوں پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے: اعلامیہ—فوٹو: فائل

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر فیصل آباد ضلعی انتظامیہ نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کر کے نئے کرایوں پر عمل درآمد شروع کروا دیا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فیصل آباد سے لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف شہروں کو جانے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نان اے سی مسافر بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 اور اے سی بسوں کے کرایوں میں 3 فیصد کمی کی گئی ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز کو نئے کرائے نامے نمایاں جگہوں اور گاڑیوں پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ٹرانسپورٹرز سے میٹنگز کے بعد اتفاق رائے سے کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔

اس سے پہلے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو آج رات تک کرایوں میں کمی کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کرائے کم نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔