18 دسمبر ، 2023
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کے انتخابات میں حصہ لینے پرہمیں اعتراض ہوگا کیونکہ وہ ابھی تک نااہل ہیں اور وہ الیکشن نہیں لڑسکتے۔
جیو نیوز کے پروگرام "کیپٹل ٹاک" میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف پر پابندی کا خطرہ نہیں لیکن اگر تحریک انصاف سے بلے کا نشان لے لیا گیا تو یہ پارٹی کے لیے نقصان دہ ہوگا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اگر تحریک انصاف سے بلے کا نشان چھینا گیا تو پہلے ہائیکورٹ پھر سپریم کورٹ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان ہی چیئرمین ہیں اور رہیں گے، ہم ان کی ہدایات مانتے ہیں، جب بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوتی ہے ان سے ہدایات لیتے ہیں، ان کو ہی تمام فیصلے کرنے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ ٹکٹوں کی تقسیم میں وکلا کوترجیح نہیں دی جارہی، ہم خوش ہیں کہ لطیف کھوسہ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ اعتزاز احسن بھی پی ٹی آئی میں شامل ہوجائیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ نوازشریف ابھی تک نااہل ہیں اور وہ الیکشن نہیں لڑسکتے، نوازشریف کے انتخابات میں حصہ لینے پر ہمیں اعتراض ہوگا۔
بیرسٹرگوہرخان کا کہنا تھاکہ ریٹرننگ افسران سےمتعلق لاہور ہائیکورٹ اور پشاور ہائیکورٹ میں ہم نے درخواستیں دائرکیں، ہمارا مؤقف ہےکہ ریٹرننگ افسران عدلیہ سےلیےجائیں، 2018 کے انتخابات صاف اورشفاف تھے، 2018 میں کسی پارٹی کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی تھی، 2018 اور 2024 کے الیکشن کا کوئی موازنہ نہیں۔