ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گیزر سے کرنٹ لگنے کا امکان موجود ہے لیکن اگر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تو اس کے خدشات بہت کم ہیں۔
19 دسمبر ، 2023
سوشل میڈیا پر پھیلے ہوئے غیر مصدقہ دعوؤں میں پاکستانی عوام کو الیکٹرک واٹرگیزر کےبارے میں آگاہ کرتے ہوئے یہ الزام لگایا گیا ہے کہ غسل کے دوران بجلی سے چلنے والے گیزر استعمال کرنے سے کرنٹ لگنے کا خطرہ ہے۔
یہ دعویٰ گمراہ کن ہے۔
دعویٰ
30 نومبر کو X کے پلیٹ فارم پر ایک صارف نے لکھا کہ” براہ کرم نہانے سے پہلے الیکٹرک گیزر بند کر دیں۔ لازمی ری ٹویٹ کیجئے، زندگی بچائیے۔“
صارف نے پوسٹ کے ساتھ ایک مختصر اینیمیشن ویڈیوبھی پوسٹ کی جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص کونہانے سے پہلے الیکٹرک گیزر کو بند نہ کرنے کی وجہ سے کرنٹ لگ رہا ہے۔
اس ویڈیو کو اب تک تقریباً 7لاکھ مرتبہ دیکھا اور4 ہزار مرتبہ ری پوسٹ کیا گیاہے جبکہ اسے 5 ہزار سے زائد مرتبہ لائک بھی کیا گیاہے۔
اس دعوے کو فیس بک پر یہاں، یہاں اور یہاں پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
حقیقت
ماہرین کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گیزر سے بجلی کا جھٹکا لگنے کا امکان موجود ہے لیکن اگر حفاظتی اقدامات کیے جائیں جیسا کہ اس بات کو یقینی بنانا کہ نہ تو غلط وائرنگ کی ہو اور نہ ہی غلط ارتھنگ ہو توکرنٹ لگنے کے امکانات بہت کم ہیں۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف بھٹی نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ الیکٹرک گیزر کے ساتھ ارتھ لیکیج سرکٹ بریکر (ELCB) ڈیوائس لگانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ آلہ بجلی کے کرنٹ اور شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کو روکتا ہے۔
ڈاکٹر عبدالرؤف بھٹی نےمزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ”اگرELCB بریکر لگا ہوگا تو پھر[الیکٹرک گیزر کا استعمال] محفوظ ہوگا کیونکہ اگر کوئی شارٹ سرکٹ ہوگا تو وہ اس کو ٹرپ [شارٹ سرکٹ کو بھانپ کر آٹومیٹیکلی گیزر بند ہوجائے گا ]کر دے گا۔“
جبکہ لاہور کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب نے کہا کہ اگر پراپر سیفٹی[مناسب حفاظتی] اقدامات نہ کئے گئے ہوں تو مسئلہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر سیفٹی اقدامات ٹھیک نہیں کیے ہوئے تو یہ [خطرہ] پوسیبل(ممکن) ہے ورنہ نہیں ، مسئلہ وائرنگ میں ہوگا گیزر میں نہیں، لیکن اگر وائرنگ ٹھیک ہے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔“
اس کے علاوہ جیو فیکٹ چیک نے لاہور میں دو الیکٹریشنز سےبھی بات کی، دونوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان دعوؤں کو مسترد کیاہے۔
لاہور میں واقع اصغر الیکٹرک اینڈ کولنگ ورکس میں کام کرنے والے محمد اصغر نے کہا کہ اس طرح کے حادثات سے بچنے کے لیے ارتھ لیکیج سرکٹ بریکر کا استعمال ضروری ہے۔
جبکہ لاہور کے ہربنس پورہ میں گیزر ریپئرنگ کی دکان پر کام کرنے والے الیکٹریشن تنویر احمد کا بھی کہنا تھا کہ الیکٹرک گیزرز بغیر بریکر کے نہ لگائیں ورنہ یہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔
اضافی رپورٹنگ: محمد بنیامین اقبال
ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔