کھیل
Time 19 دسمبر ، 2023

مچل اسٹارک آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔

آئی پی ایل سیزن 2024 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی تقریب آج 19 دسمبر کو منعقد ہوئی جس میں فرنچائزز نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بہترین کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے میں خرید لیا۔   

آئی پی ایل میں پہلے سن رائزز حیدرآباد نے حال ہی میں آئی سی سی ورلڈکپ جیتنے والے کپتان پیٹ کمنز کو ساڑھے 20 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا جس کے بعد کمنز آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بنے۔

اس سے قبل گزشتہ سال انگلش ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر سیم کرن کو پنجاب کنگز ریکارڈ ساڑھے 18 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔

لیکن پیٹ کمنز کا یہ ریکارڈ کچھ منٹوں میں ہی ٹوٹ گیا جب آئی پی ایل میں شاہ رخ خان کی فرنچائز کولکتا نائٹ رائیڈر نے2024 کے ایڈیشن کے لیے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کو  ریکارڈ 24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خرید کر سب کو حیران کر دیا۔

یوں مچل اسٹارک آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس کے علاوہ چنئی سپر کنگز نے نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو 14 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا۔

آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ کو کسی ٹیم نے اپنے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا۔

واضح رہے کہ مچل اسٹارک 2015 کے بعد 2024 میں آئی پی ایل میں شرکت کریں گے۔

مزید خبریں :