Time 19 دسمبر ، 2023
کھیل

صاحبزادہ فرحان 5 سال بعد پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی پر کافی پرجوش

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم میں کم بیک کرنے والے ٹاپ آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان کہتے ہیں کہ قومی ٹیم میں نام آنے پر وہ پہلے سے زیادہ پرجوش ہیں، پچھلی مرتبہ جب چانس ملا  تھا تو اس وقت وہ تیار نہ تھے لیکن اب ڈومیسٹک میں محنت کرکے انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے مچیور ہوچکے ہیں ۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے صاحبزادہ فرحان کو دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا ہے، صاحبزادہ فرحان اس سے قبل 2018 میں پاکستان ٹیم سے کھیل چکے ہیں، اس وقت انہیں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھلائے گئے تھے۔

ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد صاحبزادہ فرحان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگا دیے اور گزشتہ تین سیزنز کے دوران وہ ہر بار ٹاپ پرفارمرز میں رہے ۔ حال ہی میں ہونیوالے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں وہ 492 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے۔

ٹیم میں سلیکشن کے بعد اپنے سب سے پہلے انٹرویو میں صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی پاکستان کھیلا ہوں، پہلے اتنا زیادہ پرجوش نہیں تھا کیوں کہ اس وقت جلد ٹیم میں آگیا تھا لیکن اس بار کافی محنت کرکے کم  بیک کیا ، پچھلے چار سال میں نے کافی محنت کی ہے، مجھے پتہ ہے کہ میں نے کتنی تیاری کی، کتنی محنت کی ہے ۔ آج ٹیم میں واپس نام آیا ہے تو کافی خوش ہوں۔

قومی بیٹر کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے جلد موقع مل گیا تھا، اس وقت وہ تیار نہیں تھے ، مچیور بھی نہیں تھے اور تجربہ بھی نہیں تھا، انٹرنیشنل کرکٹ کافی پریشر کا گیم ہوتا ہے مگر اب چار سال ڈومیسٹک کھیل کر کافی تجربہ ملا ہے اور  اب وہ کافی مچیور ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ انہوں نے کتنی محنت کی ہے اور اس دوران کوئی ایسا میچ نہیں جو فٹنس مسائل کی وجہ سے مس کیا ہو ، ان کا کہنا تھا کہ پورا پورا سیزن بھرپور فٹنس کے ساتھ کھیلا ہوں، مجھے ایک ایک میچ یاد ہے اپنا۔

27 سالہ صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ افتخار احمد سے ان کی اچھی گپ شپ ہے، افتخار احمد نے ان سے کہا تھا کہ پاکستان کیلئے سلیکٹ ہوجانا آسان ہے لیکن ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔

صاحبزادہ فرحان نے عزم ظاہر کیا کی اس بار ان کی پوری کوشش ہوگی کہ اچھی پرفارمنس دے کر ٹیم میں اپنی جگہ پکی کریں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ نیوزی لینڈ سے سیریز میں ان کے کیا اہداف ہیں تو صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ان کی یہی کوشش ہوگی کہ نیوزی لینڈ میں ویسا ہی کھیلیں جیسا انہوں نے حال ہی میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں کھیلا تھا۔

صاحبزادہ فرحان کو اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ ان کی پوزیشن یعنی اوپننگ میں کافی سخت مقابلہ ہے اس لیے وہ  مڈل آرڈر پر کھیلنے کو بھی تیار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل میں بھی مڈل آرڈر میں کھیل چکے ہیں، ٹو ڈاؤن بھی کھیلا ہے اس لیے ان کو پوزیشن کا اندازہ ہے، جہاں ٹیم کو ضرورت ہوئی وہ اس پوزیشن پر کھیلنے کو تیار ہیں۔

ایک سوال پر صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ان کے احمد شہزاد سے اچھے تعلقات ہیں، وہ ان کے فیورٹ ہیں اور ان کو رنز کرتا دیکھ اچھا لگتا ہے،  ٹاپ آرڈر میں رنز کرتے ہیں تو مقابلہ سخت ہوتا ہے ، اچھی بات یہ ہے کہ جب احمد رنز کرتے ہیں تو میں بھی رنز کرتا ، صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ جس طرح انہیں چار سال کی محنت کا صلہ ملا، امید ہے ویسے ہی احمد شہزاد کو بھی کم بیک کا موقع ملے گا۔

قومی ٹیم میں جگہ پانے کے بعد اب صاحبزادہ فرحان کی نظریں اس موقع کہ نہ گنوانے پر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کو جج کرنے کیلئے دو سیریز کا موقع ملنا چاہیے تاکہ اس کو پتہ ہو کہ کتنے میچز ہیں لیکن جیسا اب مقابلہ ہوگیا ہے اس میں ایک میچ ملے، یا دو میچ ملے ، کھلاڑی کا کام ہے جا کر پرفارم کریں کیوں کہ ایک پلیئر کے پیچھے دوسرا پلیئر تیار ہے اس لیے ان کی کوشش ہوگی کہ بھرپور فارمنس کا مظاہرہ کریں۔

مزید خبریں :