23 دسمبر ، 2023
لہسن کا استعمال ہماری روز مرہ کی زندگی میں عام ہے اور کوئی بھی کھانا لہسن کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔
مارکیٹ میں بھی لہسن کی دو اقسام پائی جاتی ہیں ایک دیسی لہسن جو ذائقے میں تھوڑا تیز اور جسامت میں چھوٹا ہوتا ہے اور دوسرا چائنہ کا لہسن جو موٹا اور جسامت میں تھوڑا بڑا ہوتا ہے تاہم کالے لہسن کا نام سن کر آپ بھی تھوڑا کشمکش میں پڑگئے ہوں گے کہ سفید لہسن تو دیکھا اور کھایا بھی ہے لیکن یہ کالا لہسن کون سی قسم ہے؟
کالا لہسن کیا ہے؟
لہسن کو جب فرمینٹیشن کے طریقہ کار سے گزارا جاتا ہے تو اس کا رنگ تبدیل ہوکر کالا ہوجاتا ہے جب کہ یہ ذائقے میں میٹھا اور رسیلا بھی ہوجاتا ہے۔
فرمینٹیشن کے طریقہ کار کے تحت کئی ہفتوں تک لہسن کو ایک خاص درجہ حرارت اور نمی فراہم کی جاتی ہے جس وجہ سے لہسن میں موجود قدرتی کیمیکل اپنا ری ایکشن دکھاتے ہیں جس کے سبب یہ کالا لہسن بن جاتا ہے اور اس کے جسم پر حیرت انگیز فوائد مرتب ہوتے ہیں۔
کالے لہسن کے حیرت انگیز فوائد
کالے لہسن میں انٹی آکسیڈینٹ ہونے کی وجہ سے یہ ہمارے جسم سے تناؤ کو دور کرتا ہے اور موضی بیماریوں سے بچاتا ہے۔
کالا لہسن وزن کم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوتا ہے، اس میں پایا جانا والا جز الیسن میٹابولزم پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے جس سے جسم میں موجود چربی کم ہوتی ہے۔
کچھ تحقیق بتاتی ہیں کہ کالا لہسن دل کیلئے بھی فائدے مند ہوتا ہے جو کولیسٹرول لیول کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر کو بھی کنٹرول میں رکھتا ہے اور دل کی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔