Time 23 دسمبر ، 2023
پاکستان

’ہم عوام پاکستان‘ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے ’بلے‘ کا انتخابی نشان مانگ لیا

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا گیا ہے— فوٹو:فائل
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا گیا ہے— فوٹو:فائل

ملکی سیاسی جماعت ہم عوام پاکستان پارٹی نے الیکشن کمیشن سے ’بلے‘ کا نشان مانگ لیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہم عوام پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل احمرزمان خان نے کہا کہ رات کو جوفیصلہ آیا اس نے ثابت کردیا کہ آئین و قانون ہی سب کچھ ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ہمارا انتخابی نشان تالہ تھا، گوشوارے جمع نہ کرانے پر انتخابی نشان تالہ واپس لے لیا گیا لہٰذا الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ ہمیں بلے کا انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔

احمر زمان کا کہنا تھاکہ ہماری پارٹی نے بلے کا انتخابی نشان پہلے مانگا تھا ہمیں ملنا چاہیے، الیکشن کمیشن ہماری پہلے سے جمع درخواست کو منظور کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین کے تحت یہ حق حاصل ہے، ہم نے الیکشن کمیشن سے استدعا کر رکھی ہے اور ہمیں الیکشن کمیشن پر پورا اعتماد ہے ہماری بات سنی جائے گی ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لے لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کی رجسٹریشن ختم کردی تھی اور انتخابی نشان عقاب بھی واپس لے لیا تھا۔

انتخابی نشان عقاب اب استحکام پاکستان پارٹی کو الاٹ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :