27 دسمبر ، 2023
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے 10 وعدےکرلیے۔
گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو شہید کی سولہویں برسی کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ اگر پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی تو سب سے پہلے ان کی حکومت ہر پاکستانی کی آمدنی کو دوگنا کرنےکا پروگرام دے گی اور 5 سال میں اس پر عمل درآمد ہوگا۔
بلاول نے اعلان کیا کہ تین سو یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی دیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی "بھوک مٹاو پروگرام" شروع کرےگی، ہر ڈویژن میں "یوتھ سینٹر" بنائیں گے، بینظیر انکم سپورٹ کی طرح کسانوں کے لیے "ہاری کارڈ" بنا کر دیں گے، حکومت بنائی تو مزدوروں کو "بینظیر مزدور کارڈ" بنا کر دیں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ہم حکومت میں آکر غربت مٹانے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بڑھائیں گے، ملک بھر میں مفت علاج کا نظام بنائیں گے، حکومت بنائی تو غریبوں کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے اور ہر بچےکی تعلیم تک رسائی یقینی بنائیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آج بھی کچھ لوگ کچھ اور لوگوں کے کاندھوں پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر میڈیا پر چلنے والے ڈرامےکا جواب دیں گے، پارٹی لیڈر اور کارکنان الیکشن کی تیاری کریں، دما دم مست قلندر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں وفاق کو بچانے والی واحد جماعت پاکستان پیپلز پارٹی ہے، تین نسلوں سے بیروز گاری اور غربت کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں، ہم الیکشن کو مقابلہ سمجھتے ہیں، الیکشن سے ڈرتے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین ماضی کے سیاست دان ہیں، پرانی سیاست کرتے ہیں، مستقبل نوجوانوں کا ہے۔
بلاول نے مسلم لیگ ن پر تنقیدکرتے ہوئےکہا کہ ہم 18 مہینے جن کے ساتھ اتحادی حکومت میں رہے، انہیں معیشت، دہشت گردی اور جمہوریت سے دلچسپی نہیں تھی، مہنگائی، بیروزگاری، غربت اور دہشت گردی کے مقابلےکے لیے آپس کی لڑائیاں چھوڑنا پڑیں گی، ایک سیاست دان جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنےکے لیے الیکشن لڑ رہا ہے، عوام، مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔