27 دسمبر ، 2023
شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجرا کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرکے جعلی شناختی کارڈ بنانے پر نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے 4 افسران گرفتار کرلیے۔
ترجمان کے مطابق گرفتارملزمان میں طاہر، عدنان، عامرخان اور طیب شامل ہیں اور ملزمان نادرا میگا سینٹر میں بطور ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سنئیر ایگزیکٹیو تعینات رہے۔
ترجمان نے بتایاکہ ملزمان نے 2019 اور 2020 میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے، ملزمان لوگوں کا بائیومیٹرک لےکر فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان دیہاڑی دار مزدور اور نشے کے عادی لوگوں کو افغان شہریوں کا والد ظاہر کرتے تھے اور دوران تعیناتی گرفتار ملزمان نے متعدد شناختی کارڈز جاری کیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے شناختی کارڈ جاری کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کیں۔