Time 31 دسمبر ، 2023
پاکستان

میرا خیال ہے میں ن لیگ میں ہوں جس طرح شاہد خاقان ہیں ویسے ہی ہوں: محمد زبیر

میں ن لیگ کی کسی فیصلہ سازی میں شامل نہیں ہوں، جب سب سے مشکل وقت تھا تب مریم نواز معاملات نہ سنبھالتیں تو آج اچھے دن نہ ہوتے: رہنما ن لیگ— فوٹو:فائل
میں ن لیگ کی کسی فیصلہ سازی میں شامل نہیں ہوں، جب سب سے مشکل وقت تھا تب مریم نواز معاملات نہ سنبھالتیں تو آج اچھے دن نہ ہوتے: رہنما ن لیگ— فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ میرا خیال ہے میں ن لیگ میں ہوں جس طرح شاہد خاقان عباسی ہیں ویسے ہی ہوں۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھاکہ 2013 سے 2018تک پارٹی کو بہت سپورٹ کیا، الیکشن سیل بنا تب 6 سے7 لوگ تھےمیں بھی شامل تھا، نواز شریف جب وزیر اعظم تھے تب ان کے ساتھ تمام دوروں میں شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2017 میں نواز شریف کی نا اہلی کے بعد مشکل وقت آیا، توڑ پھوڑ شروع ہوگئی تھی اس وقت پارٹی کے ساتھ کھڑا تھا، میرا خیال ہے میں ن لیگ میں ہوں جس طرح شاہد خاقان عباسی ہیں ویسے ہی ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ میں ن لیگ کی کسی فیصلہ سازی میں شامل نہیں ہوں، جب سب سے مشکل وقت تھا تب مریم نواز معاملات نہ سنبھالتیں تو آج اچھے دن نہ ہوتے، اس وقت 4 سے 5 لوگوں کے علاوہ کوئی جاتی عمرہ نہیں آتا تھا۔

محمد زبیر نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز شریف کا ترجمان بننا سب سے مشکل کام تھا، میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا ترجمان بنا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ کرکٹ میں کچھ ٹی ٹوئنٹی اورکچھ ٹیسٹ میچ کے پلیئرز ہوتے ہیں، جب ٹیسٹ میچ پر آتے ہیں تو ٹی ٹوئنٹی والے پلیئرز ڈراپ ہوتے ہیں، 2018 میں جو ہمارے ساتھ ہوا ہم کہہ رہے تھے صرف لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے بہت بار کہا بانی پی ٹی آئی کی سیڑھی کھینچ دیں گے تو گرجائیں گے اور وہی ہوا، اگر کسی نے کوئی غلط کام کیا ہے تو اسے سزا ملنی چاہیے، پی ڈی ایم بنانا میرا فیصلہ نہیں تھا۔

مزید خبریں :