03 جنوری ، 2024
جنوبی افریقی بولرز نے بھارت کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کر دی۔
کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں جنوبی افریقی بولرز نے بغیر کوئی رن دیے بھارت کی 6 وکٹیں اڑا کر ٹیسٹ کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کردی ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے بغیر کسی رن کے اضافے کے 6 وکٹیں گنوائیں ہوں ۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد ایک موقع پر بھارت نے چار وکٹ پر 153 رنز بنالیے تھے لیکن پھر جنوبی افریقی بولرز نے پانسہ پلٹا۔
پہلے لونگی اینگیڈی نے ایک اوور میں کے ایل راہول، روندرا جڈیجا اور جسپریت بمرا کو چلتا کردیا۔ اگلے اوور میں رباڈا نے ویرات کوہلی کو چلتا کیا ، پھر سراج رن آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد پراسید کرشنا بھی رباڈا کا شکار ہوگئے ۔
یوں بھارت کی ٹیم بغیر کسی رن کا اضافہ کیے 6 کھلاڑیوں سے محروم ہوکر 153 پر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔
اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں 4 مرتبہ ایسے لمحات آئے جب ایک ٹیم بغیر کوئی رن کے اضافے پر 5کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی ہو ۔ ان چار میں سے تین مرتبہ بیٹنگ سائیڈ نیوزی لینڈ کی رہی ۔
1946 میں آسٹریلیا کے خلاف، 1965 میں پاکستان کے خلاف اور 2012 میں جنوبی افریقا کے خلاف نیوزی لینڈ کی ٹیم بغیر کوئی رن کے اضافے کے 5 کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی ۔
1965 کے جس میچ میں پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ کی ٹیم بغیر کوئی رن اضافہ کیے 5 وکٹوں سے محروم ہوئی تھی ۔اس ہی اننگ میں کیویز نے 6 وکٹیں ایک رن کے اضافے سے گنوائی تھی اور آج سے قبل 6 وکٹوں کے گرنے میں یہ کم سے کم بننے والا اسکور تھا ۔
لیکن اب یہ ناپسندیدہ ترین ریکارڈ کا دھبہ بھارتی ٹیم پر لگ گیا ہے جو بغیر کسی رن کے اضافے پر 6 وکٹیں گنوا بیٹھی۔
اس میچ میں ٹیسٹ کی تاریخ میں پہلی بار اننگز میں7 کھلاڑیوں کے آگے 0 درج ہوا، جنوبی افریقا کے 6 بھارتی کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے، ایک بغیر رن بنائے 0 پر ناٹ آؤٹ رہا۔