03 جنوری ، 2024
سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے سلپ پر کیچ آؤٹ ہونے کے بعد ٹی وی پر غلط ری پلے چل گیا۔
سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز جب شان مسعود 26 ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے تو نو بال نے انہیں نئی لائف لائن دے دی لیکن 30 ویں اوور میں وہ ایک بار پھر مچل مارش کی گیند پر سلپ پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوئے ، اس بار بال کو لیگل قرار دیا گیا ۔
تاہم فینز کے ذہنوں میں سوالات اس وقت اٹھ گئے جب ری پلے میں یہ دیکھا گیا کہ جس گیند پر شان مسعود آؤٹ ہوئے ۔اس کے براڈ کاسٹ پر سائیڈ کیمرا سے چلنے والے ری پلے میں نان اسٹرائیکر اینڈ پر بھی شان مسعود ہی تھے ۔یہ ری پلے ٹی وی پر گیند کے نو بال نہ ہونے کو ظاہر کرنے کیلئے چلایا گیا تھا۔
فینز نے سوشل میڈیا پر اس فوٹیج کی بنیاد پر سوالات اٹھائے۔
تاہم آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ٹی وی امپائرز کو نو بال چیک کرنے کیلئے چار مختلف کیمروں سے ریئل ٹائم فوٹیج ملتی ہے جس کی مدد سے وہ ہر گیند پر فرنٹ فٹ نو بال چیک کرتے ہیں۔
جہاں واضح نو بال نظر آتی وہاں پیجر پر فوری طور پر فیلڈ امپائر کو سگنل دیا جاتا ہے اور اگر کہیں شک کی گنجائش ہو تو امپائر روم میں بیٹھا ری پلے آپریٹر امپائرز کو نو بال کے ری پلے دکھاتا ہے ۔
کرکٹ براڈ کاسٹ میں شریک ایک ٹی وی ڈائریکٹر اور ایک سینیئر امپائر نے جیو نیوز کو بتایا کہ یہ ضروری نہیں ہوتا کہ نو بال پر امپائرز جس فوٹیج کو دیکھ رہے ہوں وہی فوٹیج ٹی وی براڈ کاسٹ پر بھی دکھائی جارہی ہو۔
شان مسعود کے آؤٹ پر چلنے والا ری پلے براڈ کاسٹ غلطی تو یقینی ہے لیکن اس بات کے امکانات نہ کم ہی ہیں کہ ٹی وی امپائرز نے براڈ کاسٹ ری پلے کی بنیاد پر اس گیند کو قانونی قرار دیا ہو۔