07 جنوری ، 2024
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری عمرحمید نے ناسازی طبیعت کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے تاحال سیکرٹری الیکشن کمیشن کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی دو سالہ مدت ملازمت گزشتہ برس جولائی میں ختم ہوئی تھی تاہم چیف الیکشن کمشنر نے ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی تھی۔
اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید ایک ذہین اور محنتی افسر ہیں، عمرحمید بہت اچھے طریقے سے کام کر رہے ہیں، عمرحمید کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب تھی، عمر حمید اس وقت میڈیکل ریسٹ پر ہیں، عمر حمید کی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد اپنے فرائض انجام دیں گے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے، الیکشن کمیشن کے کسی کام میں رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے، تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کام کر رہے ہیں، سیکرٹری کی غیر موجودگی میں دونوں اسپیشل سیکرٹریز الیکشن کمیشن کاکام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے اور اس وقت کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد درخواستوں پر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔