فواد خان کا ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ بالی وڈ کے کس ہیرو اور ہیروئن نے کھول کر دیا؟

مجھے ایسا لگتا ہے کہ جو کم دِکھتا ہے وہ زیادہ بِکتا ہے تو اس لیے میں بھارت میں اپنی پی آر ٹیم کو کہتا ہوں کہ وہ میرا نام ہر جگہ پر سامنے نہ لائیں: فواد خان/فوٹوفائل
مجھے ایسا لگتا ہے کہ جو کم دِکھتا ہے وہ زیادہ بِکتا ہے تو اس لیے میں بھارت میں اپنی پی آر ٹیم کو کہتا ہوں کہ وہ میرا نام ہر جگہ پر سامنے نہ لائیں: فواد خان/فوٹوفائل 

 پاکستان کے  معروف ہیرو فواد خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان  کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بالی وڈ اداکارہ سونم کپور اور انسٹاگرام اکاؤنٹ بالی وڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا نے بنایا ۔

فواد خان حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران انہوں نے  اپنے کیرئیر سے متعلق کئی موضوعات پر گفتگو کی۔

 بھارت میں کام کرنے سے متعلق   تجربے پر میزبان نے فواد خان سے سوال کیا کہ کیا پاکستانی اداکار بھارتی اداکاروں کے لیے خطرہ تھے؟  اس پر فواد خان نے کہا کہ 'یہ ایک مشکل سوال ہے کیونکہ مجھے بھارت میں بہت پیار ملا، میں سمجھتا ہوں کہ سیاست ہر جگہ ہوتی ہے لیکن آپ اپنے ملک کی انڈسٹری میں اس کا بہتر طریقے سے مقابلہ کر سکتے ہیںُ۔ 

  فواد خان نے کہا کہ ’پاکستانی اداکاروں کی شہرت کو بھارتی اداکار خطرہ سمجھتے ہیں یا نہیں اس حوالے سے میں خود تھوڑا سا مختلف نظریہ رکھتا ہوں، مجھے ایسا نہیں لگتا کہ جو دِکھتا ہے وہی بِکتا ہے بلکہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ جو کم دِکھتا ہے وہ زیادہ بِکتا ہے تو اس لیے میں بھارت میں اپنی پی آر ٹیم کو کہتا ہوں کہ وہ میرا نام ہر جگہ پر سامنے نہ لائیں، میری  بھارت میں موجود پی آر ٹیم کو میری اس سوچ پر اعتراض تھا کہ اور وہ لوگ مجھ سے کہتے ہیں کہ آپ کو نہیں پتا کہ آج کل دنیا کس طرح چلتی ہے تو میرا ان لوگوں کو ہمیشہ یہی جواب ہوتا ہے کہ میں سوشل میڈیا کا ضرورت سے زیادہ استعمال نہیں کرنا چاہتا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارت میں موجودگی کے دوران میں نے اپنی پی آر ٹیم پر زور دیا تھا کہ وہ میرا نام جگہوں سے ہٹادیں میری لوکیشن میپ پر بھی نہ ڈالیں  کیوں کہ میں ہر گز اس پر اتفاق نہیں رکھتا کہ اگر آپ سوشل میڈیا پر ایکٹو ہیں تو ہی فینز آپ کو پیار کریں گے اور توجہ دیں گےُ۔

دوران شو میں سونم کپور کے ساتھ  بالی وڈ کی مشہور فلم خوبصورت سے متعلق بات کرتے ہوئے فواد نے  کہا کہ ’میں نے فلم خوبصورت کیلئے آڈیشن دیا تھا، میں اس کے لیے تیار نہیں تھا، میں صرف  اعتماد کے لیے بھارت گیا تھا جس کے بعد  مجھے فلم خوبصورت کی کاسٹ کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا، یہ ایک بہت اچھا تجربہ تھا، میرے پاس اس کے بارے میں بات کرنے کے لیے تمام مثبت چیزیں ہیں‘۔

فلم کپور اینڈ سنز میں کام کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد خان نے کہا کہ 'کپور اینڈ سنز ایک بار پھر میرے دل کے بہت قریب کا پراجیکٹ تھا جس کی وجہ سے ٹیم بہت اچھی تھی‘۔ 

اداکار نے انکشاف کیا کہ ’میں نے اپنا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ خود نہیں بنایا، فلم ’خوبصورت‘ کی شوٹنگ کے دوران سونم کپور نے میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ بنایا تھا اور اس کے بعد فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کی شوٹنگ کے دوران سدھارتھ ملہوترا نے میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا تھاُ۔

مزید خبریں :