08 جنوری ، 2024
لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں 2 موٹرسائیکل سواروں نے ایک خاتون اسکول ٹیچر کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ڈاکٹر انوش مسعود نے بتایا کہ تیزاب سے اسکول ٹیچر کا چہرہ جھلس گیا اور خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
انہوں نے بتایاکہ عمر ڈوگر نامی مرکزی ملزم لیڈی اسکول ٹیچر پر مبینہ طور پر تیزاب پھینکنےکے بعد بیرون ملک فرار ہونے کیلئے سیالکوٹ ائیرپورٹ پہنچا تھا جسے پولیس نے بَروقت کارروائی کرکےگرفتار کر لیا۔
ڈاکٹر انوش مسعود کے مطابق ملزم عمر نےبتایا وہ متاثرہ لیڈی اسکول ٹیچر سے شادی کا خواہش مند تھا مگر اسکول ٹیچر نے اس سے شادی سے انکار کر دیا جس پر اس نے طیش میں آ کر اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔
پولیس نےمتاثرہ اسکول ٹیچر کو اسپتال منتقل کرکے اس کا بیان قلمبند کر لیا جبکہ ملزم کے ساتھی غلام مصطفیٰ کی تلاش میں چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔