دنیا
Time 08 جنوری ، 2024

مودی کو مسخرہ کہنے پر مالدیپ کے 3 وزرا معطل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت کے  وزیر اعظم نریندر مودی کا  تمسخر  اڑانے  پر مالدیپ کے 3 وزرا معطل ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مالدیپ کی حکومت نے اپنے 3 نائب وزرا کو سوشل میڈیا پر بھارتی وزیراعظم کا مذاق اڑانے پر معطل کردیا ہے۔

مالدیپ میں نوجوانوں کے امور کی نائب وزیر مریم شعونہ سمیت مالسا شریف اور محزوم ماجد نے سوشل میڈیا پر  بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دہشت گرد، اسرائیل کی کٹھ پتلی اور مسخرہ قرار دیا تھا۔

نئی دہلی میں مالدیپ کے ہائی کمشنر ابراہیم شہیب کو بھارتی دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور نریندر مودی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر شدید احتجاج کیا گیا۔

مالدیپ کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزرا کےتبصرے ذاتی تھے جو کہ حکومت کے خیالات کی نمائندگی نہیں کرتے ہیں۔

مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے تینوں نائب وزرا کی معطلی اور ان کے خلاف تحقیقات کے احکامات جاری کیے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 3 ماہ قبل مالدیپ کے صدر منتختب ہونے والے محمد معیزو نے الیکشن میں 'انڈیا آؤٹ' کا نعرہ لگایا تھا اور مالدیپ سے بھارتی فوج کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔

صدر منتخب ہونے کے بعد محمد معیزو نے اپنے پہلے دورے کے لیے روایت سے ہٹ کر بھارت کے بجائے ترکی اور چین کا انتخاب کیا تھا۔

مزید خبریں :