09 جنوری ، 2024
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے 2 سابق صحافیوں نے گوگل سے جھوٹ بولنے پر بھارتی بزنس مین گورو کمار سریواستو کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق سریواستو نے مبینہ طور پر گوگل کو ایک ایسی اسٹوری ہٹانے کو کہا جس میں اسے دھوکے باز کے طور پر بے نقاب کیا گیا تھا۔
اسٹوری کے مطابق سریواستو نے سی آئی اے کا نام استعمال کرتے ہوئے تیل کے ڈچ بزنس مین کو دھوکا دیا تھا۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے 2 سابق صحافیوں پلٹرز انعام یافتہ بریڈلی ہوپ اور پلٹرز کیلئے نامزد ٹام رائٹ نے تحقیقاتی رپورٹ اپنی ویب سائٹ پر پراجیکٹ بریزن۔وہیل ہنٹنگ شائع کی تھی۔
تاہم سریواستو نے گوگل سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ویب سائٹ نے بلاگ سائٹ سے چرایا ہوا مواد شائع کیا ہے۔
صحافیوں کے مطابق سریواستو نے گوگل کی کاپی رائٹ پالیسی کا سہارا لیتے ہوئے جعلی طریقہ استعمال کیا اور گوگل کو قائل کرنے کیلئے اسٹوری کو بلاگ سائٹ پر لگوا کر اسے گزشتہ تاریخ میں شائع شدہ دکھایا گیا۔
تحقیقاتی رپورٹس شائع کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق قانونی کارروائی کرکے اسٹوری کو دوبارہ سرچ انجن پر دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔
دوسری جانب گورو کمار سریواستو نے رابطہ کیے جانے کے باوجود جواب نہیں دیا۔