Geo News
Geo News

Time 11 جنوری ، 2024
جرائم

لکی مروت: ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے قتل کا مقدمہ درج

ملزم مدر خان کی بہو ناراض ہوکر میکے آگئی تھی، جس کا ملزم کو رنج تھا، ملزم معاملے کو حل کرنے کے بہانے مہمان بن کر آیا اورخاندان کے 11 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا: مدعی مقدمہ— فوٹو: فائل
ملزم مدر خان کی بہو ناراض ہوکر میکے آگئی تھی، جس کا ملزم کو رنج تھا، ملزم معاملے کو حل کرنے کے بہانے مہمان بن کر آیا اورخاندان کے 11 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا: مدعی مقدمہ— فوٹو: فائل

لکی مروت میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقتولین کے چچا نے مقدمے میں مقتولہ کے سسر کو نامزد کیا ہے۔

پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے تختی خیل میں 11 افراد کے قتل کا مقدمہ مقتولین کے چچا عمر گل کی مدعیت میں مقتولہ کے سسر مدر خان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مدعی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم مدر خان کی بہو ناراض ہوکر میکے آگئی تھی، جس کا ملزم کو رنج تھا، ملزم معاملے کو حل کرنے کے بہانے مہمان بن کر آیا اور اہل خانہ کے ساتھ رات گزاری۔

عمر گل نے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزم مدر خان نے تمام افراد کو نشہ آور کھانا کھلانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق قتل ہونے والوں میں 2 مرد، 2 خواتین اور 6 بچے بھی شامل ہیں اور تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے قتل میں نامزد ملزم مدر خان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔