13 جنوری ، 2024
مختصر مدت میں حکومت کی بہتر پالیسیوں سمیت آئی ٹی سروسز کمپنیوں، فری لانسرز اور اسٹارٹ اپس کی بہتر کارکردگی کی بدولت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کام سیکٹر میں پاکستان کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہو گیا۔
نگران وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جا رہی ہے اور ڈیجیٹل معیشت کی اہمیت عالمی معیشت اور کاروبار میں بہت بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میں نگران حکومت نے آئی ٹی کی وزارت میں کئی اہم اقدامات کیے ہیں جس سےاس سیکٹر کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر سال ایک لاکھ لوگ اس سیکٹر میں شامل کیے جائیں گے، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
آئی ٹی سیکٹرکودرپیش چیلنجز کے بارے میں عمر سیف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے کو اور آگے بڑھانے کیلئے اس میں اصلاحات لاکر جدید طریقے متعارف کروانا ہوں گے، ہمیں نئے لوگ لانے اور سسٹم کو ریفارم کرنے کی ضرورت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی شعبے میں زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے اورآنے والی حکومت کوبھی اس سلسلے میں اہم اقدامات کرنا ہوں گے۔