13 جنوری ، 2024
امریکا نے یمن پر ایک اور حملہ کیا ہے جس میں حوثیوں کی ریڈار سائٹ کو نشانہ بنانےکا دعویٰ کیا گیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈکا کہنا ہےکہ یمن میں حوثیوں کی ریڈارسائٹ کو نشانہ بنایا گیا، امریکی بحریہ کے جہاز سے حوثیوں کی ریڈار سائٹ پر ٹام ہاک میزائل فائرکیے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق حوثیوں کی ریڈار سائٹ پر حملہ جمعرات کی شب امریکا برطانیہ حملےکا تسلسل ہے۔
دوسری جانب یمنی حوثی ترجمان نے ردعمل میں امریکی حملےکو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ ہم اس کا مضبوط اور مؤثر ردعمل دیں گے۔
ترجمان حوثی ملیشیا کا کہنا ہےکہ فوجی اڈے پر حالیہ امریکی حملے اسرائیل جانے والے جہازوں کو روکنےکی صلاحیتوں پر خاص اثر انداز نہیں ہوئے، امریکی حملے میں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر یمن کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کااجلاس ہوا جس میں چینی مستقل مندوب نے یمن میں امریکی حملےکی مذمت کی اور کہا کہ یمن میں فوجی آپریشن سے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوسکتے۔
چینی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ بحیرہ احمر میں فوجی کارروائیاں یو این قرارداد کی خلاف ورزی ہیں، اثرورسوخ رکھنے والے ممالک بحیرہ احمر کی آبی گزرگاہوں کی حفاظت کو یقینی بنانےکے لیے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔
دوسری جانب یمن پربمباری کے خلاف دارالحکومت صنعا میں 10 لاکھ سے زائد افراد نے مظاہرہ کیا۔
امریکا کے شہر سیٹل میں بھی مظاہرہ کیا گیا جس میں یمن کی حمایت میں نعرے لگائےگئے۔
ایرانی دارالحکومت تہران میں برطانوی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا گیا، جس میں یمن میں امریکی اور برطانوی حملےکی مذمت کی گئی اور امریکا کے خلاف نعرے لگائے گئے۔