14 جنوری ، 2024
زیادہ تر پاکستانی گھرانوں میں صبح کے وقت چند بادام کھانا عام بات ہے کیونکہ یہ انسانی صحت کو بہتر بنانے اور ذہن کو تیز کرنے کا کام کرتے ہیں لیکن کیا آپ کو بادام کے معیار کا یقین ہے جو آپ روزانہ کھاتے ہیں؟
آج ہم آپ کو چند ایسے طریقے بتائیں گے جن پر غور کرکے اور انہیں اپنا کر آپ اسی گری دار میوے کے معیار کے بارے میں جان سکتے ہیں۔
ظاہری شکل:
بادام کے معیار کو جانچنے کی طرف پہلا قدم ظاہری شکل اور رنگ اور ساخت کو دیکھنا ہے، اچھے کوالٹی کے بادام کی ساخت بھوری اور بے داغ ہوتی ہے۔
اگر آپ کو اس کی رنگت میں فرق نظر آئے یعنی کہیں سے رنگ تیز کہیں سے ہلکا، یا اگر بادام زیادہ سیاہ نظر آتے ہیں تو یہ معیار کے مسائل کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے۔
ذائقہ اور خوشبو:
بادام عام طور پر ذائقے میں میٹھے اور کرنچی ہوتے ہیں، اگر ذائقہ میں کڑواہٹ ہو یا چبانے میں نرم ہوں تو بادام کو چھوڑ دینا ہی بہتر ہے کیونکہ یہ بعض کیمیکلز جیسے فائٹک ایسڈ کی موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے جو کہ بادام کی بیرونی تہہ میں قدرتی زہر ہوتا ہے، اعلیٰ قسم کے بادام تازہ، میٹھے اور کرنچی ہوتے ہیں۔
اگر بادام سے بو آرہی ہوں تو سمجھ لیں کہ یہ کھانے کے قابل نہیں ہیں۔
پانی کا ٹیسٹ:
باداموں کو پانی کے پیالے میں رکھیں، اگر اچھی کوالٹی کے بادام ہوئے تو وہ پانی میں ڈوب جائیں گے، بادام کو نیچے تک ڈوب جانا چاہیے کیونکہ وہ وزنی ہوتے ہیں، اگر بادام تیرتے رہے تو سمجھ لیں کہ میوہ پرانا ہو چکا ہے یا پھر خراب ہے۔
بادام خریدتے وقت کس چیز کا خیال رکھنا چاہیے؟
بادام لیتے وقت یہ ضرور دیکھیں کہ اس پر کسی قسم کے نشانات تو نہیں بالخصوص سیاہ دھبے، بادام خریدنے سے پہلے ہمیشہ بیرونی تہہ کو چیک کریں اور ایسے بادام خریدنے سے گریز کریں جن پر کالے دھبے ہوں کیونکہ یہ خراب معیار کی نشاندہی کرتے ہیں۔