14 جنوری ، 2024
امریکی شہری نے 50 سال سے زائد عرصے سے روزانہ برگر کھا کر سب سے زیادہ برگر کھانے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست وسکونسن سے تعلق رکھنے والے 70 سالہ شہری ڈونلڈ گورسکی نے 17 مئی 1972 کو 'بِگ میک' برگر کھانے کا آغاز کیا اور اس کے بعد سے وہ گزشتہ 5 دہائیوں سے کم از کم روازنہ ایک برگر کھا رہے ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ حکام نے بتایا ہے کہ گورسکی نے 2018 میں 30 ہزار برگرکھانے کا سنگ میل عبور کیا۔
یہ ریکارڈ 2021 میں اپ ڈیٹ ہوا جب انہوں نے 32 ہزار برگر کھا کر مکمل کیے اور پھر جنوری 2023 تک گورسکی نے کل 33 ہزار 400 برگر کھانے کا کارنامہ سرانجام دیا اور اب ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز کی کتاب میں دوبارہ شامل کرلیا گیا۔
ڈونلڈ گورسکی کا کہنا ہے کہ جب 1970 میں مجھے پہلی بار گنیز ورلڈ ریکارڈ کی کتاب ملی تو میں نے اس میں دیکھ کر کہا کہ یہ ایک ریکارڈ ہے جو میں توڑ سکتا ہوں اس کے بعد 1972 میں، میں نے اپنا پہلا برگر کھایا اور تب سے اب تک میں روز کھا رہا ہوں اور گنتی بھی کر رہا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ گنیز بک کو میرے ریکارڈ کی نشاندہی میں 25 برس لگے۔ یہ صرف ایک دن کے لیے ریکارڈ بک میں آنے کا ریکارڈ کبھی نہیں تھا بلکہ یہ ایک روزمرہ کا ریکارڈ تھا، اور دیکھتے ہی دیکھتے کیسے 50 سال گزر گئے پتا ہی نہیں چلا۔
ڈونلڈ گورسکی کا کہنا ہے کہ مجھے قدرت کی جانب سے بہترین میٹابولزم اور اچھی صحت ملی ہے جس کی وجہ سے روزانہ برگر کھانے کی و جہ سے بھی میرا وزن زیادہ بڑھا نہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام کے مطابق ڈونلڈ گورسکی کا ریکارڈ پہلی بار 1999 میں باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا تھا جب انہوں نے 15 ہزار 490 برگر کھانے کا سنگ میل عبور کیا تھا۔