Time 15 جنوری ، 2024
دنیا

امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں شدید سردی، برفباری اور طوفانی بارشوں سے نظام زندگی مفلوج

کینیڈین صوبے البرٹا کے شہر ایڈمنٹن میں درجہ حرارت منفی 53 ڈگری ریکارڈ، شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت جاری— فوٹو: فائل
کینیڈین صوبے البرٹا کے شہر ایڈمنٹن میں درجہ حرارت منفی 53 ڈگری ریکارڈ، شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت جاری— فوٹو: فائل

امریکا کینیڈا اور برطانیہ میں شدید سردی کی لہر اور مختلف علاقوں میں شدید برفباری اور بارشوں سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔

امریکی ریاستوں نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹی کٹ کے بعض علاقوں میں شدید برفباری اور طوفانی بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

سخت سردی کے موسم میں مختلف مقامات پر پچاس ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ برفانی طوفان اور بارشوں کے باعث ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہوگئے اور کئی ریاستوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔

ادھر کینیڈا میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے، صوبہ البرٹا کے شہر ایڈمنٹن میں سردی کا پچاس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

ایڈمنٹن میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ درجہ حرارت منفی 53 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، شدید موسم کے باعث سیکٹروں فلائٹس متاثر ہوگئی۔

ریکارڈ ساز شدید موسم کے باعث حکام نے شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت جاری کردیں۔

دوسری جانب رواں ہفتے منجمد کر دینے والا شدید سرد موسم برطانیہ کو بھی لپیٹ میں لینے کو تیار ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق اسکاٹش ہائی لینڈز میں درجہ حرارت منفی 10 درجے تک گرنے کا امکان ہے جبکہ بدھ کو لندن میں بھی برفباری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

منگل کیلئے محکمہ موسمیات نے پورے اسکاٹ لینڈ، انگلینڈ اور ویلز کے چند حصوں کیلئے برفباری اور تیز سرد ہواؤں کی پیش گوئی جاری کردی ہے۔

شدید سرد موسم اور برفباری کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک، ریل اور فضائی سفر میں مشکلات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :