Time 15 جنوری ، 2024
پاکستان

ن لیگ مخالفین کو پچ سے آؤٹ رکھ کر اکیلےکھیلنا چاہتی ہے: بلاول

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

چیئرمین  پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ ن لیگ سیاست نہیں کرنا چاہتی بلکہ سیاسی مخالفین کو  پچ  سے آؤٹ  رکھنا چاہتی ہے اور  اکیلے کھیلنا چاہتی ہے۔

قمبر شہدادکوٹ میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا کہ ن لیگ کے دباؤ میں آکر آر اوز  نے چکوال، تلہ گنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لاہور سے  ہمارے بعض امیدواروں کو  تیر کا نشان نہیں دیا،اس سے متعلق الیکشن کمیشن سے رجوع کر رہے ہیں ، عدالت بھی جائیں گے۔

 بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ  ن لیگ پنجاب میں پی ٹی آئی سے ہونے  والے معاملےکا فائدہ اٹھانےکی کوشش کر رہی ہے، اب الیکشن نزدیک نظر آرہے ہیں، الیکشن میں مقابلہ اب شیر اور  تیر میں ہے۔

اس سے قبل کارکنوں سے خطاب کرتے  ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ  مسلم لیگ ن کی سیاست  جمہوری نہیں رہی، وہی پرانی سیاست ہے جس کا سب کو علم ہے، پیپلزپارٹی ن لیگ کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور انہیں ناکام بنائےگی، جن کی غلط فہمی ہےکہ الیکشن نہیں ہوں گے ان کا نقصان ہوگا، جنہوں نے الیکشن سے بھاگنےکی کوشش کی انہیں نقصان ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہم نہیں چاہتےکہ کسی سیاسی جماعت کو اس کے انتخابی نشان سے محروم کیاجائے،  پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی الیکشن درست طریقے سے نہیں کرایا، قاضی فائز عیسٰی جب سےچیف جسٹس پاکستان بنے قانون پرعمل درآمدکرکے فیصلے دیتے ہیں، پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ پر سارا ملبہ ڈالنا نا انصافی ہے ، پی ٹی آئی کارکن عدلیہ کے بجائے اپنے اندر دیکھیں کہ خامیاں کہاں ہیں۔

مزید خبریں :