15 جنوری ، 2024
غیر شرعی نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہوسکی۔
سینیئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے ایک دن کی درخواست استثنٰی دائر کی۔
پراسیکیوشن کے وکیل رضوان عباسی نے بشریٰ بی بی کی درخواست استثنٰی کی مخالفت کی۔
وکیل رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے وکلا بار بار حاضری سے استثنٰی مانگ رہے ہیں، گزشتہ سماعت پر بھی میڈیکل گراؤنڈ پر استثنٰی مانگا گیا، آج بھی بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔
عدالت نے دو بار سماعت میں وقفہ کرکے بشریٰ بی بی کو پیش کرنےکا حکم دیا، وکیل بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی لاہور میں ہیں اور ان کی طبیعت خراب ہے۔
مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے اظہار برہمی کیا، بشریٰ بی بی کے وکلا کی تحریری ضمانت پر عدالت نےکل تک استثنٰی دے دیا۔
وکلا کی تحریری ضمانت کے بعد عدالت نے بشریٰ بی بی کو کل ہر صورت پیش کرنےکا حکم دیا۔
عدالت نے کیس کی سماعت کل 16 جنوری تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی نے عدت میں نکاح کا کیس خارج کرنےکے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
بشریٰ بی بی نے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہےکہ عدت میں نکاح کا کیس نہیں بنتا، ٹرائل کورٹ کا بھی کیس سننے کا دائرہ اختیار نہیں۔