Time 19 جنوری ، 2024
دنیا

غزہ میں سیز فائر تک اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ڈیل پر بات نہیں ہوگی: سعودی سفیر

سعودی مملکت یہ واضح کرچکی ہےکہ جب تک تشدد اور مسلسل قتل عام چلتا رہے گاہم اگلے کسی اور معاملے پر بات نہیں کرسکتے:  ورلڈ اکنامک فورم میں گفتگو/ فائل فوٹو اے ایف پی
سعودی مملکت یہ واضح کرچکی ہےکہ جب تک تشدد اور مسلسل قتل عام چلتا رہے گاہم اگلے کسی اور معاملے پر بات نہیں کرسکتے: ورلڈ اکنامک فورم میں گفتگو/ فائل فوٹو اے ایف پی

اقوام متحدہ میں سعودی سفیر نے کہا ہے کہ غزہ میں سیز فائر تک اسرائیل سے کوئی تعلقات قائم نہیں کیے جائیں گے۔

ڈیووس میں ہونے والے ورلڈک اکنامک فورم میں گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں سعودی سفیر ریما بنت بندر نے واضح کیا کہ سعودی عرب غزہ میں سیز فائرتک تسلیم کرنے کی ڈیل پر بات نہیں کرے گا۔

سعودی سفیر نے کہا کہ میرے نزدیک اس وقت سب سے اہم چیز اس حقیقت کو دیکھنا ہےکہ سعودی عرب نے اب تک تعلقات کی بحالی کو اپنی پالیسی کا مرکز نہیں بنایا ہے بلکہ اس نے امن و استحکام کو اپنی پالیسی میں سب سے اہم رکھا ہے۔

ریما بنت بندر کا کہنا تھا کہ سعودی مملکت یہ واضح کرچکی ہےکہ جب تک تشدد اور مسلسل قتل عام چلتا رہے گاہم اگلے کسی اور معاملے پر بات نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے اب تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم مشرق وسطیٰ کے بعض ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرچکے ہیں جن میں متحدہ عرب امارات اور مراکش بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے گزشتہ سال دیے گئے ایک انٹرویو میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دنے کے ساتھ ہم معاہدے کے قریب آرہے ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ریاض کے لیے فلسطین کا معاملہ بہت اہم ہے۔

مزید خبریں :