Time 20 جنوری ، 2024
دنیا

غزہ پٹی میں اسرائیلی بمباری سے مزید 142 فلسطینی شہید، 278 زخمی

غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج کے حملے, العمل اسپتال کے قریب بھی شدید فائرنگ— فوٹو: فائل
غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج کے حملے, العمل اسپتال کے قریب بھی شدید فائرنگ— فوٹو: فائل

غزہ پٹی میں اسرائیلی بمباری سے مزید 142 فلسطینی شہید اور 278 زخمی ہوگئے ہیں، 7  اکتوبر سے سے اب تک غزہ پٹی پر صیہونی جارحیت سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار 987 سے متجاوز ہو چکی ہے۔

غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج کے حملے اور فائرنگ میں مزید 77 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ العمل اسپتال کے قریب بھی شدید فائرنگ کی گئی۔

فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں 12 خاندانوں کا اجتماعی قتل عام کیا، حملوں کے باعث نقل مکانی کرنے والوں میں بھی وبائی امراض پھیل رہے ہیں، کم از کم 4 لاکھ شہری وبائی امراض کا شکار ہوگئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق طبی امداد نہ ملنے سے 60 ہزار حاملہ خواتین کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 85 فیصد آبادی بے گھر ہوچکی ہے، قحط اور بیماریاں پھیلنے کے خدشات ہیں۔

یونیسیف نے کہا کہ غزہ میں جنگ کے دوران 20 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی، جنگ زدہ علاقوں میں بچے کی پیدائش ایک اور زندگی کو جہنم میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

دوسری جانب غزہ میں 8 روز مسلسل بندش کے بعد انٹرنیٹ سروسز بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

ادھر اسرائیل نے غزہ میں جھڑپوں کے دوران ایک اور فوجی کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا ہے، صیہونی حکومت کا کہنا ہے کہ جنگ اب بھی کئی ماہ تک جاری رہے گی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے فلسطینی شہریوں کو نقصان پہنچنے کی ذمہ داری پر بات چیت کی۔

اسرائیلی وزیراعظم سے بات چیت کے دوران امریکی صدر نے جنگ بندی کا مطالبہ کرنے سے گریز کیا۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگی جنون میں مبتلا نیتن یاہو کی حکومت گرنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

مزید خبریں :