Time 21 جنوری ، 2024
صحت و سائنس

بچوں میں نمونیا کیا علامات ہوتی ہیں؟

والدین ایسے بچوں کی بیماری کو عام بخار نہ سمجھیں اور فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں: پروفیسر ہارون حامد/ فائل فوٹو
والدین ایسے بچوں کی بیماری کو عام بخار نہ سمجھیں اور فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں: پروفیسر ہارون حامد/ فائل فوٹو

ممتاز پیڈیاٹرسٹ پروفیسر ہارون حامد کا کہنا ہے کہ بچوں کی سانس تیز چلنا اور  پسلیوں میں گڑھے پڑنا نمونیا کی علامت ہیں۔

 جیو نیوز سے گفتگو میں ممتاز پیڈیاٹرسٹ اور سی ای او میو اسپتال لاہور پروفیسر ہارون حامد نے بتایا کہ پنجاب میں اس سال سردی کی شدت غیر معمولی حد تک زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سردی میں بچوں کی قوت مدافعت کم ہو جاتی ہے، خشک سردی میں وائرس زیادہ ہونے کی وجہ سے بچوں کے نمونیا کا شکار ہونے کا خدشہ زیادہ ہے۔

نمونیا کی علامتوں کے حوالے سے پروفیسر ہارون حامد نے بتایا کہ بچوں کی سانس تیز چلنا اور پسلیوں میں گڑھے پڑنا نمونیا کی علامات ہیں،  والدین ایسے بچوں کی بیماری کو عام بخار نہ سمجھیں اور فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ 

 ممتاز پیڈیاٹرسٹ نے والدین کو ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ والدین بچوں کو سردی سے بچائیں اور بلا ضرورت گھر سے باہر لے کر نہ جائیں۔

24 گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیا سے مزید 10 بچے انتقال کرگئے

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا کے مزید 668کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ نمونیا سے 10 بچے جان کی بازی بھی ہار گئے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف لاہور میں نمونیا کے 118 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک بچہ نمونیا کے باعث جاں بحق ہو گیا۔

رواں سال کے دوران صوبے میں7 ہزار 743 بچے نمونیا سے متاثر ہوئے، اس دوران صوبے میں نمونیا سے 172بچوں کی اموات ہوئیں، نمونیا سے متاثر ہ بچوں کی عمریں 5 سال تک ہیں۔

مزید خبریں :