21 جنوری ، 2024
بھارت میں دوسری خاتون کے ساتھ تعلقات کا علم ہونے پر ہوٹل منیجر نے بیوی کو قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گوا میں پیش آیا جہاں ایک مہنگے ہوٹل کے منیجر نے بیوی کو قتل نے کا خوفناک ارتکاب کیا۔
میڈیارپورٹس میں بتایا گیا کہ 29 سالہ گرو کٹیار کا تعلق بھارتی شہر لکھنؤ سے ہے جس نے ایک سال قبل دکشا گنگوار سے شادی کی تھی اور وہ گوا کے مہنگے ترین ہوٹل میں منیجر کی حثیثت سے ملازمت کرتا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے بعد دونوں کے تعلقات خوشگوار نہ تھے اور دونوں کے درمیان اکثر کشیدگی رہتی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹل منیجر گرو کٹیار کے ایک خاتون کے ساتھ تعلقات تھے جس کا علم اس کی بیوی کو ہوگیا تھا جس پر گرو کٹیار نے بیوی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور گوا کے سمندر میں لے جا کر اپنی بیوی کو ڈبو کر مار ڈالا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وہاں موجود سیاحوں نے گرو کٹیار کو سمندر سے واپس آتے دیکھا اور شک کی بنیاد پر سیاحوں نے پولیس کو شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ گرو کٹیار اپنی بیوی کے ساتھ گیا لیکن واپس اکیلا آیا جس پر پولیس کی جانب سے گرو کٹیار کو تحویل میں لیتے ہوئے پوچھ گچھ کی گئی تو گرو کٹیار نے قتل کو حادثے کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
پولیس نے بتایا کہ مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ گرو کٹیار نے اپنی بیوی کو گلا دبا کر قتل کیا اور پھر اسے پانی میں ڈبو دیا۔
پولیس کے مطابق ہوٹل منیجر گرو کٹیار کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے جبکہ خاتون کی لاش کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔