22 جنوری ، 2024
پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف ) نے اردن کے خلاف فیفا ورلڈکپ 2026کوالیفائرز کا ہوم میچ نیوٹرل وینیو پر کرانے کا عندیہ دے دیا۔
پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم کی سہولیات فیفا معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
پاکستان اور اردن کے درمیان فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز راؤنڈ ٹو کا ہوم میچ 21 مارچ کو شیڈولڈ ہے تاہم اب اس میچ کے اسلام آباد میں ہونے کے امکانات نہیں رہے۔
پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ میچ کےلیے وینیو 21 جنوری تک فائنل کرنا تھا،نومبر میں تاجکستان کے خلاف میچ کے بعد سے کوشش تھی کہ اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم کو فیفا کے معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جاسکے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا چیلنج فیفا کے معیار کے مطابق لائٹس لگانا ہے جو نہیں ہوسکا، اس لیے اب میچ کیلئے نیوٹرل وینیو کے آپشن پر غور شروع کردیا ہے۔
مزید برآں اس سلسلے میں اردن کی فٹبال فیڈریشن سے مشاورت کے بعد حتمی اعلان کردیا جائے گا۔
پی ایف ایف کے اعلان کے بعد ڈی جی پی ایس بی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک خط پوسٹ کیا جس میں 19 جنوری کو پی ایف ایف کو آگاہ کیا گیا تھا کہ جناح اسپورٹس کمپلیکس کا فٹبال اسٹیڈیم میچ سے قبل تیار کرلیا جائے گا۔
تاہم جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر پی ایف ایف کے ہیڈ آف لیگل علی اکرم نے کہا کہ انہیں پاکستان اسپورٹس بورڈ سے ایسا کوئی خط پیر کی دوپہر تک نہیں موصول ہوا۔
پی ایف ایف کے اعلان، پی ایس بی کے جواب اور دونوں اداروں کے درمیان تکرار اپنی جگہ لیکن موجودہ صورتحال پاکستان فٹبال فینز کیلئے شدید مایوس کن ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے میچ وینیو کی کنفرمیشن کیلئے مزید مہلت مانگی ہے تاہم اے ایف سی سے اب تک اس پر جواب نہیں ملا، نیوٹرل وینیو کیلئے پی ایف ایف سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے رابطے میں ہے۔