23 جنوری ، 2024
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بنے تو وہ انتقام لیں گے جس کا اندازہ ہی نہیں، ان کی سیاست تشدد کی سیاست ہے‘۔
چنیوٹ میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ 2024 ہے، باربار آنے والوں کے بجائے اب نئے چہروں کو موقع دیں، آٹھ فروری کو ووٹ سے چوتھی باروزیراعظم بنانے والے کی سازش کو ناکام بنا دیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ان کو جانتا ہوں ان کے دل میں نفرت اور بغض ہے، میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بنے تو وہ انتقام لیں گے جس کا اندازہ ہی نہیں، ان کی سیاست تشدد کی سیاست ہے، ابھی نوازشریف کو انتقام کا موقع نہیں ملا ہے، وہ جیل سپرنٹنڈنٹ سے جج تک سب سے انتقام لے گا۔
بلاول کا کہنا تھاکہ انتقام لینا میاں نوازشریف کی عادت ہے، انتقام لیتے ہوئے وہ ملک کو نقصان پہنچائیں گے، ووٹ کی طاقت استعمال کرکے ان کی سازش ناکام بنادیں،نفرت اور تقسیم کی سیاست دفن کردیں۔