23 جنوری ، 2024
پنجاب میں نمونیا سے مزید 12 بچےانتقال کرگئے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 491 بچے نمونیا میں مبتلا ہو گئے جبکہ 12 بچے نمونیا کے باعث انتقال کر گئے۔
اس کے ساتھ ہی رواں سال کے پہلے 22 دنوں میں صوبے میں نمونیا سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 194ہوگئی۔ نمونیا کے کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 9 ہزار 321 تک جا پہنچی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف لاہور میں 230بچوں میں نمونیا کی تصدیق ہوئی جبکہ لاہور میں 2 بچے نمونیا کےباعث جان کی بازی ہار گئے۔
رواں سال کے پہلے 22 دنوں میں لاہور میں نمونیا سے متاثرہ بچوں کی تعداد ایک ہزار 546 ہو گئی ہے جبکہ اس دوران لاہور میں نمونیا سے 45 بچے موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں نمونیا سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 2ماہ سے 12 سال تک ہیں۔