Time 23 جنوری ، 2024
پاکستان

جامشورو: معدومی کے خطرے سے دوچار پینتھیرا نسل کا تیندوا مقامی افرادکے ہاتھوں ہلاک

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

سندھ کے ضلع جامشورو میں  معدومی کے خطرے  سے دوچار  پینتھیرا نسل کے تیندوے کو  مقامی افراد نے ہلاک کردیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق تیندوے کی ہلاکت کا واقعہ  جامشورو کےگاؤں کامبوہ  میں پیش آیا جہاں تیندوا رات گئے داخل ہوا تھا، مقامی افراد نے اسے فائرنگ کرکے مار ڈالا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ تیندوےکی ہلاکت کیرتھر نیشنل پارک کے علاقے میں ہوئی  ہے۔ 

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق جبل کامبوہ کا پہاڑی سلسلہ بلوچستان تک پھیلا ہوا ہے، امکان ہےکہ تیندوا بلوچستان سے اس علاقے میں داخل ہوا تھا ۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا کہنا ہےکہ ایک وقت تھا کہ  جب اس نسل کے تیندوے کراچی میں بھی پائے جاتے تھے۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق کیرتھر نیشنل پارک  میں تیندوے کو مارنےکا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تیندوے کو  مارنےکا مقدمہ وائلڈلائف اسٹیشن تھانہ بولا خان میں درج کیا گیا ہے، مرا ہوا تیندوا عدالتی کارروائی اور  تحقیق وحنوط کے لیےکراچی منتقل کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :