25 جنوری ، 2024
کراچی: موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہےکہ تاحال سندھ میں بارش کا امکان نہیں ہے۔
ہوا کے رخ اور رفتار میں تبدیلی کی وجہ سے پنجاب میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج ملک کے شمالی علاقوں پر اثرانداز ہوسکتا ہے، سسٹم کے زیراثر ملک کے شمالی 50 سے 60 فیصد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
جواد میمن نے کہا کہ جنوب مغربی بلوچستان، پنجاب کے مغربی حصوں میں بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش متوقع ہے جب کہ پہاڑوں پر کہیں کہیں ہلکی برف باری بھی ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق سسٹم کے تحت سندھ میں بارش کا امکان نہیں، ہوا کے رخ اور رفتار میں تبدیلی کی وجہ سے پنجاب میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
جواد میمن کے مطابق ایک اور طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ 28 جنوری کو پاکستان پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔