پاکستان
Time 27 جنوری ، 2024

جوکہتا تھا این آر او نہیں دوں گا آج وہ سب سے بات کرنےکو تیار ہے: بلاول

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بانی پی ٹی آئی پر تنقیدکرتے ہوئےکہا ہےکہ  جو کہتا  تھا این آر او نہیں دوں گا  آج وہ سب سے بات کرنےکو تیار ہے، سب کو  جیلوں میں ڈالوں گا آج  خود  جیل میں ہے۔

پشاور  میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ  ہم خان صاحب کو یہ بات سمجھاتے  رہےکہ اگر گرفتار کرنا ہے تو مردوں کو کرو عورتوں کو نہیں،کہتے رہےکہ نفرت کی سیاست نہ کرو، انہوں نے سرپرائز کہہ کر اپنی ہی حکومت کو ختم کیا، آپ کو سرپرائز اب کیسا لگ رہا ہے؟

 بلاول کا کہنا تھاکہ جو قائد عوام کی بیٹی پر ظلم کرتے تھے ان کو اپنی بیٹی کو گرفتار ہوتے دیکھنا پڑا، میں اپنی حکومت میں سیاسی مخالفین کی بیٹیوں اور  بہنوں کو گرفتار  نہیں کروں گا، جوکہتا تھااین آراو نہیں دوں گا آج وہ سب سے بات کرنےکو تیار ہے، آپ نے تین تین بار  نواز دیکھا آپ دکھائیں یہ کتنا سچا نواز ہے، پاکستان کو ایٹم بم کا تحفہ ذوالفقار علی بھٹو نے دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ن لیگ اشرافیہ کی اورپیپلزپارٹی عوام کی نمائندگی کرتی ہے، انہوں نے سی پیک کا پیسا اورنج ٹرین پر ضائع کیا، سی پیک کے معاہدوں پر نواز شریف کے  وزیراعظم بننے سے  پہلے دستخط ہوچکے تھے، سی پیک کے دوروں  پر ن لیگ والے صدر  زرداری پر تنقید کیا کرتے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے  پاس ہے، اب مقابلہ تیر  اور  شیر کے درمیان ہے،  اگر ہم نے شیر کا راستہ روکنا ہے تو  تیر پر ٹھپا لگانا ہے، آزاد امیدواروں کو  ووٹ دے کر اپنا ووٹ ضائع مت کریں۔

مزید خبریں :