کراچی میں پاکستان کی پہلی میراتھون سہیل عامر کے نام

خواتین فل میراتھون میں ماہ نور سب سے آگے رہیں،میراتھن میں خواتین، مرد اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی—فوٹو: فائل
خواتین فل میراتھون میں ماہ نور سب سے آگے رہیں،میراتھن میں خواتین، مرد اور بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی—فوٹو: فائل

ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن سے منظور شدہ پاکستان میں پہلی میراتھون کراچی میں شروع ہوئی جو 42.2 کلو میٹر پر مشتمل فل میراتھون سہیل عامر نے جیت لی۔

سہیل عامر نے فاصلہ دو گھنٹے 36 منٹ اور 9 سیکنڈز میں طے کیا، فل میراتھون میں اسرار خٹک دوسرے اور عامر عباس تیسرے نمبر پر رہے۔

اس کے علاوہ خواتین فل میراتھون میں ماہ نور سب سے آگے رہیں،  21.1 کلومیٹر کی ہاف میراتھون حفیظ البرکات نے جیت لی، حفیظ البرکات نے فاصلہ ایک گھنٹہ اور 17 منٹ اور 12 سیکنڈز میں طے کیا۔

ہاف میراتھون میں اکرم دوسرے اور ظاہر شاہ تیسرے نمبر پر رہے۔

میراتھون میں خواتین، مرد اور بچوں سمیت شہریوں کی  بڑی تعداد شریک تھی، میراتھن شروع ہونے سے قبل ایتھلیٹس سی ویو پر نشان پاکستان پہنچے، مردوخواتین اور بچوں سمیت شائقین کی بڑی تعداد نے بھی سی ویو کا رخ کیا جہاں لمبی لمبی قطاریں نظر آئیں۔

ایونٹ میں چار کیٹیگریز شامل ہونے کیلئے بچوں، بوڑھوں، جوانوں اور خواتین سمیت کراچی کے شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے رجسٹریشن کروائی، پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سُپر نے میراتھن کو براہ راست نشر کیا۔

پاکستان پہلی مرتبہ ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن سے منظور شدہ اور اُس کے قوانین کے تحت کراچی میراتھون میں فل میراتھن کا فاصلہ 42.2، ہاف میراتھن 21.1 کلومیٹر پر مشتمل تھی۔

مزید خبریں :