Time 28 جنوری ، 2024
کاروبار

آئی ایم ایف کا پاکستان پر بینظیر انکم سپورٹ کے علاوہ بھی سماجی پروگرام چلانے پر زور

پاکستان کو کمزور طبقے کے سماجی تحفظ کے زیادہ اقدامات کرنے چاہئیں اور سماجی پروگرام کیلئے مسلسل کوششیں کرنی چاہئیں: عالمی مالیاتی فنڈ۔ فوٹو فائل
پاکستان کو کمزور طبقے کے سماجی تحفظ کے زیادہ اقدامات کرنے چاہئیں اور سماجی پروگرام کیلئے مسلسل کوششیں کرنی چاہئیں: عالمی مالیاتی فنڈ۔ فوٹو فائل 

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ بھی غریب عوام کے لےی سماجی پروگرام چلائے جائیں۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کمزور طبقے کے سماجی تحفظ کے زیادہ اقدامات کرنے چاہئیں اور سماجی پروگرام چلانے کیلئے پاکستان کو مسلسل کوششیں کرنی چاہئیں، کمزور طبقے کیلئے محفوظ بجلی اور گیس ٹیرف سلیب جاری رہنا چاہیے۔

آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال ستمبر میں صحت اور تعلیم کے اخراجات کا ہدف پورا کر لیا گیا تاہم نگران حکومت محدود صلاحیت کے باعث دسمبر کا ہدف پورا نہیں کر سکی، منتخب حکومت مالی سال کے آخر تک سماجی تحفظ کے اخراجات جاری رکھے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی بہترین میکنزم کیساتھ فوری مدد فراہم کرنے والا پروگرام ہے تاہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے انتظامی ڈھانچے کو مزید بہتر کیا جانا چاہیے، پروگرام میں تقسیم کے طریقہ کار اور شفافیت کو بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے۔